’غیرقانونی امیگریشن‘ روکنے کے لیے یورپ اور شامی رہنما الشارع میں رابطے
Reading Time: 2 minutesیورپی سفارت کار نے کہا ہے کہ شام کے نئے رہنما احمد الشارع نے اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی کو بتایا کہ وہ یورپ میں ’غیرقانونی امیگریشن‘ کو روکنے کے لیے تیار ہیں۔
اطالوی وزیر خارجہ تاجانی نے کہا کہ انہوں نے شام پر یورپی یونین کی پابندیوں کو چھ ماہ یا ایک سال کے لیے موخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انتونیو تاجانی کے مطابق شامی رہنما کا کہنا تھا کہ وہ غیرقانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے تیار ہیں، اور منشیات کے سمگلروں کے خلاف جنگ بھی لڑیں گے۔
تاجانی نے اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں لبنانی دارالحکومت میں کہا کہ ’یہ اٹلی کے لیے دو اہم وعدے تھے۔‘
تاہم تاجانی نے مزید کہا کہ ’پابندیاں اٹھانا اٹلی کا فیصلہ نہیں۔ یہ یورپی بلاک کا فیصلہ ہوگا۔‘
تاجانی نے اپنے نئے ہم منصب اسد الشیبانی سے بھی ملاقات کی جس کے بعد شامی اہلکار نے کہا کہ وہ جلد ہی یورپ کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے غیرملکی دورے پر ایک اعلیٰ سطحی وفد کی سربراہی کرنے کے اپنے ارادے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جس میں متعدد یورپی ممالک شامل ہیں۔
الشیبانی اس مہینے کے آغاز سے ہی سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور اردن کے دورے کر چکے ہیں۔
اطالوی وزیر خارجہ تاجانی جمعرات کو روم میں یورپی ہم منصبوں اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ بات چیت کی میزبانی کے بعد شام اور لبنان پہنچے، تاجانی نے کہا تھا کہ وہ ’مستحکم اور متحد شام‘ کے خواہاں ہیں۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کاجا کالس نے اس سے قبل جمعے کو کہا تھا کہ اگر شام کے نئے حکمران اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے والی تمام گروہوں پر مشتمل ایک جامع حکومت کی تشکیل کے لیے اقدامات کرتے ہیں تو 27 ممالک پر مشتمل بلاک پابندیاں ہٹانا شروع کر سکتا ہے۔