توہین عدالت کا نوٹس، عمران نیازی پیش ہوں: ہائیکورٹ
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران احمد خان نیازی کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے.
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون سے کہا کہ وہ ایسے دلائل دے رہے ہیں جیسے اُن کا کیس ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نوٹس عدالت نے لیا ہے اور عدلیہ کا کیس ہے۔
بینچ کے سربراہ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ یہ معاملہ ایڈووکیٹ جنرل کا نہیں، پوری عدلیہ کو بدنام کیا گیا، ہماری بہترین جج صاحبہ کو دھمکی دی جارہی ہے۔ اگر یہ ماحول بنارہے ہیں تو پھر اس ملک میں تو کچھ نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالت پر اس طرح حملہ کریں گے تو عام آدمی تو اٹھ اٹھ کر مارے گا۔ ایک خاتون جو ایڈشنل سیشن جج ہے ہزاروں کیس سن رہی ہیں۔ قتل ڈکیتی اور دیگر حساس کیس سن رہی ہیں۔ یہ معاملہ صرف اسلام آباد کی ایک خاتون جج کا نہیں بلکہ پورے پاکستان میں ججز کاہے۔
منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں لارجر بینچ نے ماتحت عدلیہ کی جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے پر نوٹس جاری کیا.
معاملے پر نیا بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تین ججز سے زیادہ ججز پر مشتمل بنچ تشکیل دینے کے لیےمعاملے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھیج دیا گیا.
عدالت نے ہدایت کی کہ پیمرا عمران خان کی تقاریر کا ٹرانسکرپٹ سمیت تمام ریکارڈ فراہم کرے.

