توہین مذہب کے مقدمات میں ریاست ذمہ داری کا مظاہرہ کرے:سپریم کورٹ
پاکستان کی سپریم کورٹ نے توہین مذہب کے الزام میں گرفتار ملزم سلامت منشا مسیح کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نےملزم کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
منگل کو سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ توہین مزہب کے مقدمات میں ریاست کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے،توہین مزہب کے مقدمات میں مقدس ہستیوں کے ساتھ ساتھ ملزم کو بھی کیس ثابت ہونے تک تحفظ فراہم کرنا لازم ہے۔
جسٹس قاضی فائز نے ریمارکس دیئے کہ ہر دوسرا شخص اٹھ کر دوسرے پر توہین مزہب کا الزام لگا دیتا ہے۔ توہین مزہب چھوٹا جرم نہیں اس کی سزا موت ہے۔
فاضل جج نے کہا کہ توہین ایک شخص کرتا ہے ،ہم بتا بتا کر پوری دنیا میں مشہور کر دیتے ہیں،پارک میں واقعہ ہوا اور گارڈ سمیت کسی کو گواہ نہیں بنایا گیا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ایف آئی آر میں بھی تضاد ہے،ملزم کو مبلغ کہا گیا مگر ملزم مبلغ نہیں ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسی نے مدعی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنا کیوں تھا؟
وکیل مدعی نے کہا کہ قائد اعظم کے مطابق پاکستان اسلام کی تجربہ گاہ ہے۔جسٹس فائز نے پوچھا قائد اعظم نے ایسا کب کہا؟
قائداعظم کے نام سے پہلے ہی جرنیل بہت کچھ منسوب کر کے بولتے ہیں اب وکیل ایسا نہ کریں۔
جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ قائد اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان میں ہر مزہب کے لوگ اپنی عبادات کیلئے آزاد ہیں،مزہب کے نام پر معاشرے میں پہلے ہی بہت تفریق ہو چکی ہے مزید نا بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مشرقی پاکستان الگ ہوگیا، اب مزید اس ملک کو نہ توڑا جائے،کبھی یہ نہیں سنا کہ کسی مسیح نے مسلمان کیخلاف توہین مزہب کا کیس کیا ہو۔
انہوں نے استفسار کیا کہ ملزم سلامت مسیح کا پیشہ کیا ہے؟وکیل ملزم نے بتایا کہ سلامت مسیح لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں خاکروب کی نوکری کرتا ہے ب
جسٹس عیسی نے کہا کہ سوچتا ہوں کہ مسلمان خاکروب کیوں نہیں ہوتے ،صفائی تو نصف ایمان ہے،سنت نبوی میں صفائی شامل ہے لیکن ہم اس پر عمل نہیں کرتے،مسیح بھائیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہئے کم از کم وہ تو صفائی کر دیتے ہیں۔
ماڈل ٹاون پارک میں چار طلبا نے سلامت منشا مسیح کیخلاف توہین مزہب کا الزام لگایا،سلامت منشا مسیح کیخلاف تھانہ ماڈل ٹاون لاہور میں مقدمہ درج ہے،ملزم سلامت منشا مسیح 4 جنوری 2021 سے جیل میں ہے۔

