پاکستان

توہین عدالت کا شوکاز، عمران خان کی پیشی اور سخت سکیورٹی

اگست 31, 2022

توہین عدالت کا شوکاز، عمران خان کی پیشی اور سخت سکیورٹی

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس میں پیش ہو رہے ہیں۔

پیشی کے موقع پر رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے غیر معمولی حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے عدالت کے اطراف میں عام ٹریفک کے لیے سڑکیں بند کر دی ہیں.

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری سے متعلق ’دھمکی آمیز‘ بیان دینے پر توہین عدالت کا شوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔

عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر سیکورٹی آرڈر جاری کرتے ہوئے پولیس کے تین ایس پیز ، 9اے ایس پیز اور ڈی ایس پیز ڈیوٹی انجام دیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے گرد ایک ہزار چھوٹی رینک کے افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے ہائیکورٹ کے گرد مانیٹرنگ کی جائے گی۔

سیکورٹی آرڈر کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر حفاظتی انتظامات کی ذمہ داری سیکورٹی ڈویژن کی ہوگی۔ روف ٹاپ کے علاوہ تمام افسران اور اہلکار غیر مسلح ہوں گے۔

سیکورٹی آرڈر کے تحت مجموعی طور پر ہائیکورٹ کے باہر اقدامات کی ذمہ داری ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کی ہوگی جبکہ ڈیوٹی پر تعینات کوئی بھی اہلکار موبائل فون کا استعمال نہیں کرے گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے