حکومت ختم کر کے مجھے نااہل کرانے کا منصوبہ چار لوگوں نے بنایا: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا کہ چار لوگوں نے بند کمرے میں بیٹھ کر سازش کی اور پھر ان کو نااہل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
جمعرات کو سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا اُن کے توشہ خانہ کیس کی کھلی سماعت کی جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ نوازشریف، زرداری، یوسف رضا گیلانی کے توشہ خانہ کیسز کو بھی سنا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔
عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن ہارنے کے بعد یہ خوفزدہ ہو گئے کہ اگر انتخابات کرا دیے تو عمران خان کو دو تہائی اکثریت مل جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ضمنی الیکشن کے بعد ٹیکنیکل طریقے سے مجھے فارغ کرانے کی سازش شروع کی، پہلی سازش حکومت گرانا، دوسری سازش مجھے راستے سے ہٹانے کی کوشش تھی، ایک بند کمرے میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ عمران خان کو مکمل طور پر سائیڈ کر دیا جائے۔‘
’میں نے ریکارڈ کر کے رکھ دیا جس میں اُن چار لوگوں کے نام ہیں جنہوں نے میری حکومت کے خلاف سازش کی اور نااہل کرنے کا منصوبہ بنایا۔‘
تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر ان کو کچھ ہو گیا تو وہ ٹیپ عوام کے سامنے آئے گی اور پھر عوام اُن چاروں لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں یہ سارے ذلیل ہوں گے۔

