ایٹمی ہمسائیوں کا پتھراﺅ
Reading Time: < 1 minuteایٹمی ہمسائے پتھروں سے لڑ پڑے ۔ انڈیا میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ متنازع سرحدی علاقے میں انڈین اور چین کی افواج کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے۔ یہ مختصر لڑائی ہمالیہ کے متنازع علاقے پنگونگ جھیل کے قریب ہوئی جہاں چین کے فوجیوں نے بھارتی فوج پر پتھراﺅ کیا۔ بھارتی فوج کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ متنازع خطے میں یہ مقام سیاحوں کیلئے اپنے دلکش نظاروں کی وجہ سے مشہور ہے۔ فوجی افسر نے کہا کہ چینی افواج نے علاقے میں دوبار داخل ہونے کی کوشش کی جن کو واپس دھکیل دیا گیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو فوجی افسر نے بتایا کہ یہ ایک معمولی جھڑپ تھی جس میں چین کے فوجیوں نے پتھراﺅ کیا مگر معاملے کو فوری کنٹرول کرلیا گیا۔ بعد ازاں چینی اور بھارتی افواج اپنی پوزیشن پر واپس چلی گئیں۔ چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا شن ینگ نے کہا ہے کہ ان کو تازہ ترین رپورٹ کا علم نہیں تاہم چینی افواج ہمیشہ سے اس بات کیلئے پرعزم ہیں کہ بھارت چین سرحد پر امن قائم رکھا جائے۔