پاکستان

آئین پاکستان کا ہر تناظر میں تحفظ کریں گے:چیف جسٹس

ستمبر 12, 2022

آئین پاکستان کا ہر تناظر میں تحفظ کریں گے:چیف جسٹس

چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آئین کا ہر تناظر میں تحفظ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

پیر کو نئے عدالتی سال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ عدلیہ، افواج پاکستان، اور الیکشن کمیشن کا بھرپور آئینی تحفظ کرنے میں پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان وفاقی اور صوبائی قانون ساز اسمبلیوں، ماتحت، اعلیٰ عدلیہ، آڈیٹر جنرل اور سروسز آف پاکستان کا بھی تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ اگر آئین یا اس کے آئینی اداروں کو نیچا دکھایا گیا یا ان کی خلاف ورزی یا ان پر حملہ کیا گیا تو یہ عدالت اداروں کے آئینی تحفظ کے لیے ذرا ہچکچاہٹ کا شکار نہیں ہوگی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ ملک میں جاری حالیہ سیاسی چیلینجز اور معاشی حالات کی سنگینی سے بھی آگاہ ہے،ملک میں اس وقت بدترین سیلابی صورتحال کے سبب تین کروڑ تیس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، ملک کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے متاثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے رضاکارانہ طور پر سیلاب زدگان کے لئے تین دن کی تنخواہ عطیہ کی ہے،سپریم کورٹ سٹاف نے بھی دو دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلابی صورتحال کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتیں، ان کے قائدین، فیصلہ ساز، مراعات یافتہ طبقہ اپنے اختلافات ایک طرف کرکے متحد ہو،وقت آ گیا ہے کہ ذاتی ایجنڈوں کو بالائے طاق رکھ کر قوم کی بہتری کے لیے کام کیا جائے،سپریم کورٹ آئین اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کام جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسی حوالے سے پاکستان کے قیام کے پچھتر سال پورے ہونے پر لاء اینڈ جسٹس کمیشن میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، کانفرنس میں عدلیہ کے کردار کی ادائیگی پر بحث کی جائے گی۔

چیف جسٹس نے کہاکہ جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، پر امید ہوں کہ اللّٰہ ہماری مخلصانہ کوششوں کو فائدہ مند بنائے گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے