مدینہ منورہ میں احتجاج ،پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات کا ریکارڈ طلب
پاکستان کی اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسجد نبوی میں احتجاج کے واقعے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف درج تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
منگل کو ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مسجد نبوی واقعے کے تناظر میں مقدمات کیخلاف شیخ رشید ، فواد چوہدری و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواستوں کی سماعت کی۔ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ یہاں ملک میں جب حکومت تبدیل ہوئی تو ہمارے خلاف توہین عدالت کے کیسز درج ہونا شروع ہوگئے۔
حکومت اور سیکرٹری نیشنل اسمبلی کی رپورٹس عدالت میں جمع کرائی گئی۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ ایف آئی اے کی رپورٹ ہے کہ ہمارے پاس کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔
عدالت نے مسجد نبوی واقعے پر درج تمام ایف آئی آرز کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کو رپورٹ پیش کرنے کا آخری موقع دیتے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ غیر ضروری ہراساں نا کریں وہ کام نا کریں جو ہمیشہ سے ہوتے رہے ہیں ، بلاوجہ لوگوں کے خلاف مقدمات درج کرنا اچھی بات نہیں ہے۔
عدالت نے مذکورہ حکم دیتے ہوئے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔

