پی ٹی آئی ارکان کے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری چیلنج
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی ارکان کے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کو چیلنج کردیا۔
تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ عدالت عظمٰی میں چیلنج کیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اپیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے دائر کی ، درخواست میں سپریم کورٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ عدالت اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے عوام سے تازہ مینڈیٹ لینے کے لیے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا، تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے چکے ہیں، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اسمبلی فلور پر تحریک انصاف کے 125 ارکان کے استعفوں کی منظوری کا اعلان کیا تھا، اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی مرحلہ وار استعفوں کی منظوری طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

