اہم خبریں

لاپتہ شہری کی بازیابی کے لئے ایجنسیوں کو ایک دن کی مہلت

ستمبر 13, 2022 2 min

لاپتہ شہری کی بازیابی کے لئے ایجنسیوں کو ایک دن کی مہلت

Reading Time: 2 minutes

اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ شہری کی بازیابی کے لیے آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کو ایک دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ ۲۳ اگست دے بندہ غائب ہے،کل صبع دس بجے تک پیش کیا جائے ورنہ سب کے خلاف کارروائی ہو گی۔

منگل کو ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے لاپتہ شہری حسیب حمزہ کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو دو بجے طلب کرلیا۔

درخواست گزار ذوالفقار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ 22 اگست کو گھر سے درخواست گزار کے بیٹے کو اٹھایا گیا، پولیس میں ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دی مگر کچھ نہیں ہوا، پولس نے کہا ہمارے پاس نہیں ایجنسیوں کے پاس ہے۔

وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ اس کیس میں ایک ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ آئی جی صاحب یہ ناقابل برداشت ہے ، ایک شہری اس عدالت کے دائرہ اختیار سے اٹھایا گیا ہے ، تمام سیکٹر کمانڈر اور چیف کمشنر سب کے ساتھ اسے تلاش کریں ، اگر آپ اس کو تلاش نہیں کرتے تو آپ سب کے خلاف کارروائی ہو گی ، اگر یہ شہری نہیں ملتا تو کل صبح دس بجے آپ اور چیف کمشنر پیش ہوں، اگر شہری بازیاب نہ ہو تو آئی ایس آئی ، ملٹری انٹیلی جنس ، آئی بی، اسپیشل برانچ کے سیکٹر کمانڈر پیش ہوں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے پاس بہترین انٹیلی جنس ایجنسی ہے اگر وہ ناکام ہوتے ہیں تو عدالت ان کے خلاف بھی کارروائی کرے گی ، کوئی وجہ نہیں ہے کہ ریاست شہری کو ٹریس نہیں کر سکتی ، اگر آپ کل تک شہری کو پیش نہ کر سکے تو سب کو خلاف کارروائی ہوگی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے