خفیہ ایجنسیوں کو عدالتی الٹی میٹم، لاپتا شہری ایک دن میں واپس
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام کو الٹی میٹم دیے جانے کے بعد لاپتا کیے گئے شہری کو راتوں رات چھوڑ دیا گیا۔
بدھ کی صبح اسلام آباد پولیس کے جاری کیے بیان کے مطابق لاپتا شہری حسیب حمزہ اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔
پولیس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ ’تھانہ شہزاد ٹاون کے علاقے سے اغوا کیے گئے حسیب حمزہ گھر پہنچ گئے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’حسیب حمزہ کے والد نے اسلام آباد پولیس کی کوششوں کی تعریف کی۔ حسیب حمزہ کے والد نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی بھرپور سپورٹ پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جبکہ ان کی فیملی نے وزیراعظم ، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کا بھی شکریہ ادا کیا۔‘
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت سے 22 اگست کو لاپتا کیے گئے شہری حسیب کو بدھ کی صبح ساڑھے 11 بجے تک بازیاب کرانے کا حکم دے دیا تھا۔
عدالت نے کہا تھا کہ شہری بازیاب نہ ہوا تو آئی جی، چیف کمشنر، آئی ایس آئی کے سیکٹر کمانڈر ، ایم آئی ، آئی بی اور سپیشل برانچ کے سیکٹر کمانڈرز پیش ہوں، اُن کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔