عمران خان کا ایک بار پھر آرمی چیف کے تقرر پر خطاب، فوجی ترجمان سے سوال
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ خوف کے بت کو توڑ دیں اور نامعلوم نمبروں سے کال کر کے دھمکیاں دینے والوں کو جوابی دھمکی دیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’جو مسٹر ایکس اور مسٹر وائی لوگوں کو دھمکیاں دیتے ہیں ان کو واپس دھمکیاں دو۔ یہ ہوتے کون ہیں آپ کو ڈرانے والے۔ یہ خفیہ نمبروں سے ڈرانا دھمکانا کہ ہم یہ کریں گے۔ جو کرنا ہے کریں ہم تیار ہیں‘
ان کے مطابق آرمی چیف کو میرٹ پر سلیکٹ کرنا چاہیے اور زرداری اور نوازشریف کبھی میرٹ پر سلیکٹ نہیں کر سکتے۔
چکوال میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں ڈرا، دھمکا کر چوروں کو تسلیم کرا لیں گے ایسا نہیں ہوگا، صحافیوں کے خلاف مقدمات بنائے گئے، شہبازگل کوبرہنہ کر کے تشدد کیا گیا، میرے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بنادیا گیا، جتنا مجھے دباؤگے اتنے ہی زورسے مقابلہ کروں گا۔‘
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کو میرٹ کا کیا پتہ ان کو تو اپنے خاندان کے علاوہ کوئی نظر نہیں آتا۔‘
عمران خان نے کہا کہ زرداری، نوازشریف اربوں روپے لوٹ کر باہر لے گئے، جس ملک میں ان کے پیسے پڑے ہیں یہ ان کے غلام ہیں، حسن نواز شریف 10 ارب کے گھر کی ایک رسید نہیں دکھا سکا۔
’زرداری کی چوری پر بیرون ممالک اخبارات میں مضمون لگے، کیا ایسے لوگ پاکستان کا آرمی چیف سلیکٹ کریں گے؟ کیا ان لوگوں کو آپ سلیکٹ کرنے دیں گے؟ نوازشریف جھوٹا اور مفرور بھی ہے کیا یہ آرمی چیف سلیکٹ کرے گا؟‘
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’ میں آج ڈی جی آئی ایس پی آرسے سوال پوچھنا چاہوں گا کہ آپ نے کم از کم سمجھ جانا چاہیے تھا کہ میں کیا کہہ رہا ہوں؟ آج پوری قوم میرے ساتھ کھڑی ہے کہ ان چوروں کو آرمی چیف سلیکٹ نہیں کرنا چاہیے۔‘
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بورس جانسن کو صرف کورونا ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے پر استعفیٰ دینا پڑا، پاکستان میں 16 ارب لوٹنے والے کو وزیراعظم بنادیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب آیا ہے اور شہبازشریف باہر چلا گیا، انہوں نے اقوام متحدہ میں کون سامعرکہ مارنا ہے۔ ’وہ دیسی ولایتی بلاول بھٹو بھی منہ اٹھا کر باہرچلا گیا۔‘

