آئندہ ایسا بیان نہیں دوں گا،توہین عدالت کیس میں عمران خان کا بیان حلفی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جج کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس میں بیان حلفی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔
بیان حلفی میں عمران خان نے عدالت کو آئندہ ایسے بیانات نہ دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت سمجھے تو معافی مانگنے کیلیے تیار ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ اگر جج سمجھیں کہ ریڈ لائن کراس کی ہے تو معافی مانگنے پر تیار ہوں، گزشتہ سماعت پر عدالت سے معافی مانگی تھی،
بائیس ستمبر کو عدالت میں دیے گئے بیان پر قائم ہوں اور اس پر عمل کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ تقریر میں جج کو دھمکی دینے کا ارادہ نہیں تھا، ایکشن لینے سے مراد لیگل ایکشن کے سوا کچھ نہیں نہیں تھا، 26 سال عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کی۔
عمران خان نے مستقبل میں عدلیہ سے متعلق محتاط رہنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے مزید کہا کہ مستقبل میں ایسا کچھ نہیں کروں گا جس سے عدلیہ کے وقار بالخصوص ماتحت عدلیہ کو نقصان پہنچے۔

