ٹوئٹر کی نئی پالیسی، فیس بک کا لنک پوسٹ کیا تو اکاؤنٹ بند
Reading Time: < 1 minuteسماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ کسی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا لنک شیئر کرنے پر اکاؤنٹ ہٹا دیا جائے گا.
کمپنی کے مالک ایلون مسک نے اپنے متعلق رائے جاننے کے لیے ایک نیا پول بھی کروایا ہے۔
ٹوئٹر نے جاری کیے گئے بیان میں واضح کیا ہے کہ کسی بھی تیسری پارٹی کی سوشل میڈیا ویب سائٹ کا لنک شیئر کرنے پر نہ صرف ٹویٹ بلکہ اکاؤنٹ بھی ہٹا دیا جائے گا۔
بیان کے مطابق ٹوئٹر صارفین کو انسٹاگرام یا دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا یوزر نیم بھی شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اقوام متحدہ کا صحافیوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی کا خیر مقدم
ٹوئٹر کی اس نئی پالیسی کے بعد کوئی بھی صارف ٹویٹ میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا لنک اور نہ ہی یوزر نیم شیئر کر سکے گا۔
ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے اس نئی پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے صرف ایک لفظ لکھا ’کیوں؟‘
نئی پالیسی کے اعلان کے بعد ٹوئٹر کے مالک اور ارب پتی شخص ایلون مسک نے صارفین کی رائے جاننے کے لیے ایک پول بھی کروایا ہے کہ ’کیا مجھے بطور ٹوئٹر سربراہ برطرف ہو جانا چاہیے؟‘
پول میں صارفین کو اپنی رائے دینے کے لیے ہاں یا نہیں کی آپشن دی گئی ہے۔
ایلون مسک نے لکھا کہ وہ اس پول کے نتائج پر مکمل عمل کریں گے۔