ٹرمپ کے الزامات مسترد
پاکستان کے عوامی نمائندوں پر مشتمل قومی اسمبلی نے متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات مسترد کر دیے ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں۔ قرارداد وزیرخارجہ خواجہ آصف نے پڑھی اور اس میں کہاگیاہے کہ پاکستان نیٹو کے افغانستان میں موجود کمانڈر کے الزامات کو بھی مسترد کرتا ہے۔
قرارداد میں کہاگیاہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ سفارتی وفود کے تبادلے کو موخرکرے جبکہ امریکی فوج کے پاکستان کے زمینی وفضائی راستے استعمال کرنے کو بھی معطل کیاجائے۔
پوری قوم ٹرمپ کی پالیسی کے خلاف متحد ہے، ٹرمپ اورجنرل نکلسن کے بیانات دھمکی آمیز ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت اس بات کو یقینی بنائے بھارت اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ کرے۔ قرارداد میں کہاگیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کوتیارہے۔ افغانستان سمیت تمام پڑوسیوں سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔

