پاکستان

موٹروے ایم 5 پر تین گاڑیاں ٹکرا گئیں، 13 مسافر ہلاک

فروری 25, 2023

موٹروے ایم 5 پر تین گاڑیاں ٹکرا گئیں، 13 مسافر ہلاک

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں موٹروے پر حادثے میں 13 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔

موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ جمعے کو رات گئےضلع رحیم یار خان میں ایم فائیو پر رُکن پور کے قریب پیش آیا جس میں تین گاڑیاں ٹکرائیں۔

پولیس کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار وین ٹائر پھٹنے سے اُلٹ گئی اور اس کے پیچھے آنے والی بس اور جیپ اُلٹنے والی گاڑی سے ٹکرا گئیں۔

حادثے میں چھ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر ہسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لا سکے۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حادثے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے اور پولیس کو حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

پاکستان میں موٹرویز پر ماضی میں بھی حادثات پیش آتے رہے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔

گزشتہ ہفتے موٹروے ایم ٹو پر اسلام آباد سے لاہور جانے والی باراتیوں کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بس کو حادثہ کلرکہار کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا تھا جو بے قابو ہو کر سڑک کے دوسری طرف سے آنے والی کار سے ٹکرا کر کھائی میں گر گئی تھی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے