سکیورٹی ہائی الرٹ، اسلام آباد میں عدالتوں کے قریب مظاہروں پر پابندی
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی عدالتوں کے گرد و نواح میں مظاہروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد پولیس نے بیان میں کہا ہےکہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔
پولیس کے مطابق عدالتوں کے احاطے میں صرف وکلا، صحافیوں اور زِیرسماعت مقدمات سے متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
’دہشت گردی اور دیگر خطرات کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔‘
دو روز قبل منگل کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے تھے جہاں اُن کے خلاف دہشت گردی اور کارِ سرکار میں مداخلت کا مقدمہ زیرِ سماعت ہے۔
اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی دھکم پیل کے دوران اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس کے دروازوں کو نقصان پہنچا تھا۔
پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔

