لاہور میں پی ٹی آئی کارکن بلال علی کی ہلاکت، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل
لاہور میں تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان پتھراؤ کے دوران بلال علی نامی ورکر کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
دو اعلیٰ پولیس افسران پر مشتمل کمیٹی آٹھ مارچ کو لاہور میں عوامی املاک کو نقصان اور بلال علی کی ہلاکت کے حقائق تلاش کرے گی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق بلال علی کی موت کہاں اور کن حالات میں ہوئی اس کی تحقیق کی جائے گی۔
لاہور پولیس کے مطابق بدھ کو جھڑپوں میں ان کے 11 اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کا دعویٰ کے کہ ’ان کے ایک کارکن کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔‘
پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان سارا دن ہونے والی جھڑپوں میں درجنوں کارکنوں کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔
تحریک انصاف کی طرف سے ریلی ختم کرنے کے باوجود زمان پارک کو جانے والے راستوں کو نہیں کھولا گیا اور پولیس کی بھاری نفری چاروں اطراف تعینات ہے۔

