پاکستان بھی روہنگیا کیلئے بول پڑا
عام پاکستانیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر سخت غم وغصے کے اظہار کے بعد پاکستان کی حکومت کا بھی روہنگیامسلمانوں کی حالت زار پر سرکاری ردعمل سامنے آگیاہے۔ دفترخارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہاگیاہے کہ پاکستان کو روہنگیا مسلمانوں کی بڑھتی اموات اور جبری بے دخلی کی خبروں پر سخت تشویش ہے، اگران خبروں کی تصدیق ہوتی ہے تو یہ انتہائی تشویش ناک اور عیدالاضحی کے موقع پر غم وغصے کا باعث ہے۔ پاکستان میانمار میں حکام پر زور دیتاہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی خبروں کی تحقیقات کرائے اور جو بھی اس میں ملوث ہے ان کو سزا دے، میانمار روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔ پاکستان کی دنیا بھر میں مسلمانوں اقلیتوں کے حوالے سے واضح پوزیشن ہے کہ وہ عالمی برادری کے ساتھ مل کرکام کرتاہے تاکہ حقوق کا تحفظ کیاجاسکے، خاص طورپر اسلامی کانفرنس کی تنظیم کے ساتھ روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کرتاہے۔

