تیز رفتار گاڑی کی ٹکر، اسلام آباد میں وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور ہلاک
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبدالشکور سڑک حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
سنیچر کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’مولانا عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے۔ ہائی لکس ریوو جس میں پانچ آدمی سوار تھے، نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری۔‘
بیان کے مطابق ’مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔‘
آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کہا ہے کہ تیز رفتار گاڑی کے ٹکر کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ مفتی عبدالشکور جی سیون میں اپنے دوست کے ساتھ افطاری کر کے پارلیمنٹ لاجز جارہے تھے۔ ان کے ساتھ کوئی پروٹوکول نہیں تھا، وہ گاڑی خود چلا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ’مفتی عبدالشکور کی موت سر پہ چوٹ آنے کی وجہ سے ہوئی۔ ڈرائیور سمیت ڈبل کیبن گاڑی میں سوار تمام لوگ پولیس کی حراست میں ہیں۔‘
مولانا عبدالشکور کا تعلق جمیت علمائے اسلام (ف) سے تھا اور وہ این اے-51 سے قومی اسمبلی کے رکن تھے۔ جے یو آئی کے میڈیا سیل کے مطابق مولانا عبدالشکور کی نماز جنازہ کل اتوار کو دوپہر دو بجے تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کی جائے گی۔

