پاکستان

ملاقات کرنے والے جرنیلوں کو بتا دیا فیصلہ نہیں بدل سکتا: چیف جسٹس

اپریل 19, 2023

ملاقات کرنے والے جرنیلوں کو بتا دیا فیصلہ نہیں بدل سکتا: چیف جسٹس

پاکستان کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ انہوں نے ملاقات کرنے والے جرنیلوں کو صاف انکار کر دیا ہے جو پنجاب میں الیکشن کرانے کا فیصلہ بدلنا چاہ رہے ہیں تاہم سیاسی جماعتوں کے مذاکرات کے باعث گنجائش نکال سکتے ہیں۔

بدھ کو مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور وزارت دفاع کی درخواستیں فیصلہ واپس لینے کی بنیاد نہیں بن سکتیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پہلے کہا وسائل دیں الیکشن کروالیں گے، اب کہتے ہیں ملک میں انارکی پھیل جائے گی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن پورا مقدمہ دوبارہ کھولنا چاہتا ہے کبکہ وزارت دفاع کی رپورٹ میں عجیب سے استدعا ہے۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا وزارت دفاع ایک ساتھ الیکشن کروانے کی استدعا کر سکتی ہے؟ وزارت دفاع کی درخواست ناقابل سماعت ہے، ٹی وی پر سنا ہے وزراء کہتے ہیں اکتوبر میں بھی الیکشن مشکل ہے۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کی کوشش ہے ملک میں سیاسی ڈائیلاگ شروع ہو، ایک کے علاوہ تمام حکومتی جماعتیں پی ٹی آئی سے مذاکرات پر آمادہ ہیں۔

اٹارنی جنرل نے بتایا بلاول بھٹو زرداری آج مولانا فضل الرحمان سے مل کر مذاکرات پر قائل کریں گے، معاملات سلجھ گئے تو شاید اتنی سیکیورٹی کی ضرورت نہ پڑے۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے پوچھا کہ کیا سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو ابھی طلب کرنا درست ہو گا۔

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ تمام سیاسی قائدین اسلام آباد میں نہیں ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کچھ سربراہان نے غیر سنجیدہ گفتگو کی تھی ، آپ نے آج سنجیدہ موقف اپنایا، سیاسی جماعتوں کے نامزد رہنماؤں کو طلب کریں گے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا عمل جلد مکمل نہ ہوا تو عدالتی حکم پر عمل کروائیں گے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ سیاسی جماعتیں اپنے نمائندے مقرر کر کے کارروائی کا حصہ بنیں۔

مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے