پاکستان

کسی خاص سیاسی نظریے اور جماعت کے طرفدار نہیں: ترجمان فوج

اپریل 25, 2023

کسی خاص سیاسی نظریے اور جماعت کے طرفدار نہیں: ترجمان فوج

پاکستان کی فوج کے ترجمان ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ملکی فوج قوم کی ہے. فوج کے لیےتمام سیاستدان اور سیاسی جماعتیں قابل احترام ہیں۔ فوج کسی خاص سیاسی نظریے اور جماعت کی طرفدار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان سوشل میڈیا پر ہر شہری کو آزادی رائے کا حق دیتا ہے۔ آئینی حدود اور قیود میں رہ کرآزادی رائے کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر افواج پاکستان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات، غیر آئینی ہیں، جن کے پیچھے سیاسی مقاصد ہیں اور کچھ اکاؤنٹس میں بیرونی ایجنسیاں بھی شامل ہیں۔

جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران میجرجنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ افواج ملک کے چپے چپے کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔فروری 2019میں فوج نے ثابت کیا ہے کہ ہم ملک کا دفاع کر سکتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا’پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر کوئی شک نہیں ہے،ہم کسی بھی صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ہم ایمان کی دولت اور شہادت کے جذبے سے سرشار ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے دفاعی بجٹ میں ہمیشہ فرق رہا ہے۔پاک افواج نے ہمیشہ ملک کا دفاع کیا ہے۔دھرتی کے تحفظ کے لیے ہم نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، اس سرزمین پر شہدا کی قبریں ہیں۔

فوج کسی ایک سیاسی سوچ اور نظریے کی حمایت یا سرکوبی کے لیے استعمال ہو گی تو ملک میں انتشار پھیلے گا

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی پاک فوج کو غیر سیاسی رکھنے کی سوچ کے پیچھے ایک منطق ہے،پاک فوج قومی فوج ہے۔ اگر فوج کسی ایک سیاسی سوچ یا نظریے کی حمایت یا سرکوبی کے لیے استعمال ہو گی تو ملک میں انتشار پھیلے گا۔ پاک فوج نے ملک کے دفاع کے لیے بہت قربانیاں دیں.

ڈی جی آئی ایس پی آر سے پوچھا گیا کہ کیا فوج انتخابات میں ڈیوٹی دینے کے لیے تیار ہے؟ میجرجنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 245 کے تحت وفاقی حکومت اس کا تعین کرتی ہے۔ اس ضمن میں وزارت ِ دفاع اپنی رائے الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کو دے چکی ہے۔
ہیں۔

میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا بھارتی لیڈر شپ کی گیدڑ بھبکیاں اور لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی جانب سےدراندازی، فضائی خلاف ورزی اور دیگر الزامات کا لگاتار جھوٹاپراپیگنڈہ بھارت کے ایک خاص سیاسی ایجنڈے کی عکاسی کرتا ہے۔ رواں سال اب تک 56 مرتبہ بھارت کی جانب سے چھوٹی سطح پر مختلف سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی گئیں ہیں ۔ اسی عرصے میں پاک فوج نے 6 جاسوس کواڈ کاپٹرز کو بھی مار گرایا۔افواجِ پاکستان بھارت کی ان تمام شر انگیزیوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہمہ وقت تیار اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔

دہشت گردی سے نمٹنےکے لیے روزانہ کی بنیاد پر 70سے زائدآپریشنزکیے جا رہے ہیں

میجرجنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی داخلی اور بارڈر سیکورٹی کو یقینی اور دَائمی بنانے کیلئے ہم مُکمل طورپرمرکوز ہیں۔ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد افغانستان میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں کے نتیجے میں دہشت گردی کے واقعات میں نسبتاََ اضافہ ہوا ہے۔رواں برس مجموعی طور پر چھوٹے بڑے دہشت گردی کے436 واقعات رونما ہوئے جن میں 293 افراد شہید جبکہ521 زخمی ہوئے۔رواں سال سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں اور اُن کے سہولت کاروں کے خلاف 8269 چھوٹے بڑے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے