چیف جسٹس کا بینچ دستیاب نہیں، کمرہ عدالت کو کنڈی
پاکستان کی سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر ایک کو اندر سے کنڈی لگا دی گئی ہے۔
بدھ کو عید کی تعطیلات کے بعد جب وکلا، سائلین اور صحافی سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر ایک کے باہر پہنچے تو پتا چلا کہ بینچ دستیاب نہیں۔
وکلا کو بتایا گیا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی عدالت میں لگائے گئے تمام مقدمات کو آج کے لیے ڈی لسٹ کر دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس کے بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل تھے۔
عام طور پر چیف جسٹس کی عدم موجودگی میں کمرہ عدالت نمبر ایک میں اگلے سینئیر ترین جج کی سربراہی میں بینچ بیٹھتا ہے تاہم جسٹس فائز فائز عیسیٰ پہلے ہی چیمبر ورک کی وجہ مقدمات نہیں سن رہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نو تشکیل شدہ بنچ نمبر دو میں جسٹس آمین الدین کے ہمراہ موجود رہے تاہم وہاں بھی مقدمات ڈی لسٹ کر دیے گئے۔
سپریم کورٹ کی ترجمان کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال ناسازی طبیعت کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس کی ساس کی مبینہ آڈیو عید کی تعطیلات کے دوران سامنے آئی تھی جس کے بعد سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ایک آڈیو بھی لیک کی گئی۔

