تاجر کے بیٹے کے اغوا کاروں کے خلاف آپریشن، 6 پولیس اہلکار ہلاک
بلوچستان کے ضلع جعفرآباد سے اغوا کیے گئے تاجر کے بیٹے کی بازیابی کے لیےسندھ کے علاقے جیکب آباد میں پولیس نے آپریشن کیا ہے۔
حکام کے مطابق اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں انسپکٹر سمیت چھ اہلکار مارے گئے جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے جیکب آباد کے علاقے جاگیر میں ڈاکوؤں سے مقابلے میں بلوچستان پولیس اہلکاروں کی اموات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ”پولیس انسپکٹر اور تین اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔“
بلوچستان کے وزیراعلی نے کہا کہ امید ہے کہ سندھ حکومت واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائے گی۔
وزیراعلی نے واقعے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

