اہم خبریں متفرق خبریں

تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کے خلاف فوجی قانون کے تحت کارروائی: کور کمانڈرز

مئی 15, 2023 2 min

تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کے خلاف فوجی قانون کے تحت کارروائی: کور کمانڈرز

Reading Time: 2 minutes

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں موجودہ حالات کے تناظر میں خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس منعقد کی گئی۔

کانفرنس کے فورم سے سیاسی شرپسندوں کی جانب سے کی گئی جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔

فورم کے شرکاء نے بتایا کہ : آرمی کے رینک اور فائل میں عسکری تنصیبات کے نقصانات اور جلاؤ گھیراؤ پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے افراد کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا اعادہ کیا گیا۔

فورم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ناقابلِ تردید شواہد کی بنیاد پر افواجِ پاکستان ان حملوں کے منصوبہ سازوں، اُکسانے والوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے تمام مجرموں سے بخوبی واقف ہیں۔

کانفرنس میں گزشتہ دنوں کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس کو ایک سیاسی جماعت کی قیادت نے محض اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے استعمال کیا۔

فورم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کسی بھی حلقے کی جانب سے قیامِ امن و امان کیلئے رکاوٹ ڈالنے والوں سےآہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

بریفنگ کے دوران فورم کو آگاہ کیا گیا کہ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذرِ آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل ایک مربوط منصوبے پر عمل درآمد کرایا گیاتاکہ ادارے کی بدنامی ہو سکے جبکہ یہ سارا عمل ایک ذاتی سیاسی ایجنڈہ کے حصول کے لیے تھا۔

آرمی چیف نے اس سارے معاملے پر فوجی فارمیشنز کی جانب سے تحمل اور پختہ ردِ عمل کو سراہا۔

فورم نے واضح کیا کہ کسی بھی ایجنڈہ کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔

شرکاء کا بیرونی طور پر سپانسر شدہ اور اندرونی سہولت یافتہ عناصر کے منظم پروپیگنڈہ پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

فورم نے یہ بھی واضح کیا کہ شرمناک پروپیگنڈہ کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان خلیج جبکہ مسلح افواج کے رینک اینڈ فائل کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے۔

فورم کا کہنا تھا کہ دُشمن قوتوں کے شیطانی پروپیگنڈہ کو عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی۔

کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان عوام کی بھرپور حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کے ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔ انشاء اللہ

فورم نے موجودہ غیر مستحکم سیاسی صورتحال میں قومی سطح پرتمام سٹیک ہولڈرز کے اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کے اعتماد، معاشی ترقی اور جمہوری نظام کو دوام بخشا جا سکے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے