پاکستان

عمران خان کے جواب کا انتظار، 400 پولیس اہلکار تیار: پنجاب حکومت

مئی 17, 2023

عمران خان کے جواب کا انتظار، 400 پولیس اہلکار تیار: پنجاب حکومت

پنجاب حکومت کے ترجمان نےعمران خان کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس زمان پارک میں چھپے ہوئے 40 دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے صرف 4 پولیس والے لے کر نہیں جائے گی۔

بدھ کی رات ترجمان نے کہا کہ 40 تربیت یافتہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کم از کم 400 پولیس والوں کو جانا ہو گا، خان صاحب کے جواب کا انتظار رہے گا۔

قبل ازیں عمران خان نے کہا تھا کہ اُن کے گھر 40 دہشت گردوں کی موجودگی کو بہانہ بنا کر کارروائی کی جائے گی۔

ان کے مطابق ’کہا گیا ہے کہ چالیس دہشت گرد میرے گھر میں ہیں اور کارروائی کی جائے گی۔ اگر یہ دہشت گرد یہاں موجود ہیں تو میری زندگی کو بھی خطرہ ہے۔ سرچ وارنٹ کے کر آئیں ہم دکھا دیتے ہیں، لیکن اسے ایک بہانہ نہ بنائیں جس طرح ہماری جماعت کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’اس وقت اس کو آگے نہ بڑھائیں۔ صرف پی ڈی ایم کو فائدہ پہنچانے کے لیے سب سے بڑی جماعت کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسئلہ ختم کریں اور مسئلہ ایک ہے کہ الیکشن کروائیں تب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔‘

’جو الیکشن کروا سکتے ہیں ان سے اپیل ہے کہ الیکشن کروائیں اور ملک کو بچائیں۔‘

’جس طرح مجھے گرفتار کیا اس کا ردعمل آنا تھا۔ یہ سازش ہو رہی ہے انہوں نے یہ سب منصوبہ بندی سے کیا ہے۔ ہم عدالت میں جا رہے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے اور تحقیقات کی جائیں۔ اگر درست تحقیقات ہو جائیں تو پتا چل جائے گا کہ اس سازش کے پیچھے کون تھا۔ یہ پہلے سے منصوبہ بندی کی تحت کیا جا رہا ہے۔ جو یہ کر رہے ہیں کیا ان کو معلوم ہے کہ پاکستان کدھر جا رہا ہے۔‘

انہوں نے الزام لگایا کہ مظاہروں کے دوران پی ٹی آئی کے بے شمار افراد کو زخمی کیا گیا اور سات ہزار سے زائد کو گرفتار کیا گیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے