پاکستان

گوادر کو حق دو، مولانا ہدایت الرحمان کی ضمانت منظور

مئی 18, 2023

گوادر کو حق دو، مولانا ہدایت الرحمان کی ضمانت منظور

جہانزیب عباسی . اسلام آباد
پاکستان کی سپریم کورٹ نے گوادر کو حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔

جمعرات کو عدالت نے ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے تین لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

دوران سماعت وکیل کامران مرتضی نے عمران خان کا نام لیے بغیر دلچسپ دلائل دیے.

وکیل درخواست گزار کامران مرتضی کا کہنا تھا کہ میرے موکل مولانا ہدایت الرحمٰن کو احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا،

جسٹس سردار طارق مسعود نے پوچھا کہ آپ نے احاطہ عدالت میں گرفتاری کو چیلنج کیوں نہیں کیا،

وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ہم اگر احاطہ عدالت میں گرفتاری چیلنج کرتے تو آپ گرفتاری غیر قانونی قرار دے دیتے، گرفتاری غیر قانونی قرار دیکر آپ یہ بھی کہہ سکتے تھے ہدایت الرحمٰن سپریم کورٹ کی تحویل میں ہیں.

کامران مرتضی نے مسکراتے ہوئے یہ بات کہہ کر ججز کو خاموش کرا دیا.

ایڈووکیٹ کامران مرتضی نے کہا کہ گوادر میں مظاہرین پانی مانگ رہے تھے،مولانا ہدایت الرحمٰن پر اکسانے کا الزام ہے.

جسٹس طارق مسعود نے کہا کہ گوادر اتنا بڑا شہر بن رہا ہے، آپ سینٹر بھی ہیں وہاں کے مسائل حل کرائیں.

وکیل کامران مرتضی نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل شہر بن رہا ہے.

پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو بتایا کہ مقتول پولیس اہلکار ماجد جوہر پر گولی چلانے والا ملزم یاسر علی گرفتار ہو چکا ہے، جب تک مرکزی ملزم جوڈیشل نہیں ہو جاتا عدالت ضمانت کا کیس نہ سنے.

عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل کی استدعا مسترد کردی.

مولانا ہدایت الرحمٰن کو 27 دسمبر 2022 کو گرفتار کیا گیا تھا.

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے