لاپتہ شہری کی بازیابی میں ناکامی، جسٹس کیانی نے میڈیا پر پابندی عائد کر دی
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ایک نیا حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت "جج کی تصویر نہیں چلے گی، نام نہیں چلے گا اور ریمارکس نہیں چلیں گے بلکہ جو چلائے گا اس پر توہین عدالت ہو گی۔
پیر کو مراد اکبر کی بازیابی کے کیس میں جسٹس کیانی نے ریمارکس چلانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا کو بھی لکھ رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر خلاف ورزی ہوئی تو ٹی وی چینل کا لائسنس کینسل ہو گا۔
جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت میں سابق مشیرِ احتساب شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل، آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان اور سیکرٹری داخلہ سید علی حسن پیش ہوئے۔
تحریری عدالتی حکم کے مطابق ہائیکورٹ نے کیس کی فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی ہے اور وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ اس طرح دیگر کیسز ڈویژن بینچ میں زیر التوا ہیں اُن کے ساتھ سُنا جائے۔
گزشتہ سماعت پر جسٹس کیانی نے کہا تھا کہ اگر لاپتہ مراد اکبر کو بازیاب نہ کرایا گیا تو وزیر داخلہ اور وزیراعظم کو طلب کریں گے۔

