اہم خبریں

سمندری طوفان، پاکستان کے ساحلی علاقوں سے ہزاروں افراد کا انخلا

جون 12, 2023 2 min

سمندری طوفان، پاکستان کے ساحلی علاقوں سے ہزاروں افراد کا انخلا

Reading Time: 2 minutes

پاکستان اور انڈیا کے ساحلی علاقوں سے سمندری طوفان کے ٹکرانے کے خدشے کے پیش نظر ہزاروں افراد کا انخلا کیا جا رہا ہے۔

پیر کو پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ سمندری طوفان ’بائپرجوائے‘ کے باعث اگلے چند دن بہت اہم ہیں اور مختلف ساحلی علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں شہریوں کا انخلا کیا جائے گا۔

پریس بریفنگ میں سندھ کے وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ کراچی شہر سے 100 فیصد بل بورڈز ہٹا دیے جائیں جن کے تیز ہواؤں کے باعث گرنے کے خدشات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’شہر کے ساحلی علاقوں میں دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے جبکہ کراچی کی 70 عمارتوں کو خطرے کی زد میں قرار دے کر شہریوں کو منتقل کیا جائے گا۔ ضلع سجاول سے 60 ہزار شہریوں کا انخلا کرنا ہے۔‘

وزیراعلٰی کو دی گئی بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ سمندری طوفان ساحلی علاقوں سے 15 جون کو ٹکرائے گا اور 17 جون کو اس کے اثرات کم ہو جائیں گے۔
وزیراعلٰی سندھ نے ٹھٹھہ اور ملحقہ ساحلی علاقوں کا ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی جائزہ لیا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ کلاؤڈ برسٹ جیسی صورتحال ہوگی۔ اور کراچی میں آدھے گھنٹے کے دوران 60 ملی میٹر بارش برس سکتی ہے۔‘

دوسری جانب انڈیا کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے مغربی ساحلی علاقوں میں طوفان میں تیزی آ رہی ہے اور یہ ایک طاقتور سائیکلون کی شکل اختیار کر کے گجرات کی ریاست سے ٹکرائے گا جس کے بعد رواں ہفتے پاکستان کے جنوبی ساحلی علاقوں سے گزرے گا۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق انڈیا کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعرات کو گجرات کی ریاست کے ساحلی علاقوں میں تیز بارش ہوگی جبکہ پاکستان کے شہر کراچی کی طرف سمندری طوفان کے ساتھ 135 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

انڈین محکمہ موسمیات نے گجرات کے سوراشٹر اور کوچ کے علاقوں سے لوگوں کے انخلا کی ہدایت کی ہے۔
سوراشٹر میں دنیا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری واقع ہے جو انڈیا کے ریلائنس انڈسٹریز گروپ کی ملکیت ہے۔

ریاست میں ہنگامی حالات کے دوران نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی سات اور گجرات کی ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی 12 ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے