دس دن سے جیل میں بند، پریس کانفرنس کیسے کروں؟ پرویز الہیٰ
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ 10 دن سے جیل میں ہیں پارٹی چھوڑنے کے لیے پریس کانفرنس کیسے کریں۔
منگل کو لاہور کچہری میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے صدر نے کہا کہ اُن کی صحت بہت خراب ہے۔
چوہدری پرویز الہی نے کمرہ عدالت سے صحافیوں کو بتایا کہ اُن کو دس روز سے جیل کے چھوٹے سے کمرے میں بند رکھا گیا ہے۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ جیل کے کمرے میں ہوا کے لیے پنکھا بھی کبھی چلتا ہے کبھی نہیں، گھروں والوں سے ملاقات بھی نہیں کروائی جا رہی۔
ایک رپورٹر نے سوال کیا کہ کیا چوہدری صاحب آپ پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں، آج کل تو لوگ پریس کانفرنس کر کے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہیں۔
پرویز الہی نے جواب دیا کہ ”مجھے ملنے نہیں دیا جا رہا پریس کانفرنس کیسے کر دوں، ادھر عدالت میں بھی میڈیا سے بات نہیں کرنے دی جارہی۔
پرویز الہی نے کہا کہ آپ میری حالت دیکھ رہے ہیں اس حالت میں پیش کیا ہے۔
چودھری پرویزالٰہی کے مطابق انہوں نے 10 دن سے ایک ہی شلوار قمیص پہنی ہوئی ہے،
6فٹ کاسیل ہےمیری ٹانگیں بھی اُس میں سیدھی نہیں ہوسکتیں، میری ادویات مجھ تک نہیں پہنچ رہیں۔
پرویزالٰہی نے کہا کہ اُن کے پاؤں سوجھ گئے،کارڈیالوجی میں ٹیسٹ بھی آدھے کیے گئے۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ کون لوگ ہیں جو اس طرح کی بات کر رہے ہیں کہ میں تحریک انصاف میں نہیں ہوں، یہ بات وہ کر رہے ہیں جو وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہیں ہیں۔ میرے ساتھ جو ہو رہا ہے، جو حالات ہیں جو کیس ہیں وہ تحریک انصاف کی وجہ سے ہی ہو رہا ہے
تحریک انصاف میں ہی ہوں۔

