دہشت گردی و ملک دُشمنی کا الزام، سمیع ابراہیم اور شعیب شیخ پر مقدمہ
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد پولیس نے بول نیوز کے مالک شعیب شیخ اور اینکر سمیع ابراہیم پر انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
جمعرات کی شام تھانہ کوہسار میں درج کیے گئے مقدمے میں مدعی شہری عارف اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بول نیوز کے اینکر سمیع ابراہیم ایک منظم سازش کے ذریعے ملکی سلامتی کے ضامن محکمے کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور چینل کے مالک شعیب شیخ بھی اُن کے شریک کار ہیں۔
مدعی ایک پراپرٹی ڈیلر اور بلیو ایریا میں ہُما پلازہ کا رہائشی ہے۔
مقدمے کے مطابق مدعی ٹی وی پر حالات حاضرہ کے پروگرام اور تجزیے دیکھتا ہے جن سے اُس نے نتیجہ اخذ کیا کہ مذکورہ افراد ملک دشمنی میں ملوث ہیں۔
مقدمہ درج کرنے والے کے مطابق نو مئی کو فوجی تنصیبات پر شر پسندوں کو حملے کرانے کے لیے اُکسانے میں بھی سمیع ابراہیم اور شعیب شیخ کا ہاتھ ہے۔
پولیس نے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کے قانون کی دفعہ سات شامل کی ہے جو ناقابل ضمانت ہے۔