یونان میں کشتی کا حادثہ، پاکستان میں یومِ سوگ اور تحقیقات کا اعلان
وزیراعظم شہبازشریف نے یونان میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں پاکستانیوں کے مارے بانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے یوم سوگ منانے اور تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔
یونان میں 14 جون کو حادثے پر پاکستانی وزیراعظم نے 19 جون کو قومی سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ کل قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور مرنے والوں کے لئے خصوصی دعا کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات کے لیے چار رُکنی اعلی سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس کے چیئرمین نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق ہوں گے۔
وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ) جاوید احمد عمرانی، جموں وکشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی اور انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیق ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔
عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لئے تعاون اور اشتراک عمل کی تجاویز دی جائیں گی۔ فوری، درمیانی اور طویل المدتی قانون سازی کا جائزہ لیا جائے گا۔
بیان کے مطابق ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں اور ایجنٹوں کو سخت ترین سزائیں دینے کے لئے قانون سازی ہوگی۔
تشکیل دی گئی کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی جس کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

