پاکستان

سُپریم کورٹ کے جج کے لوگوں کو اُٹھا لیا گیا ہے: عمران خان کا دعویٰ

جون 18, 2023

سُپریم کورٹ کے جج کے لوگوں کو اُٹھا لیا گیا ہے: عمران خان کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ سُپریم کورٹ کے سینیئر جسٹس کے لوگوں کو اُٹھایا گیا ہے۔

اتوار کی شام ایک ویڈیو خطاب میں انہوں نے کہا کہ اُن کی پارٹی کو ختم کرنے کے لیے منصوبہ پہلے سے بنایا گیا تھا۔ جس طرف نکل گئے ہیں اس ملک کا کوئی مستقبل نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بڑی کوشش کی ہے اسٹیبلشمنٹ اور آرمی چیف کو پیغام دینے کی مگر وہ شاید سمجھتے ہوں کہ میں کمزور ہو گیا ہوں، یا گھبرا گیا ہوں، یا میرے ساتھ لوگ نہیں نہیں کیونکہ اُن سب کو اندر کیا ہوا ہے، میں اکیلا ہو گیا ہوں، شاید میں اس لیے کہہ رہا ہوں، مگر میں اب سے نہیں جب سے میری حکومت ختم کی گئی ہے تب سے یہ کہہ رہا ہوں کہ ہم سے بات چیت کرو۔

اُن کا کہنا تھا کہ بات چیت کے لیے دو بار جنرل باجوہ سے ملا۔ میں نے اپنی ٹیم بنائی جس نے جا کر جنرل باجوہ سے میٹنگ کی کہ کوئی راستہ نکالو، میں پاکستان کی بات کر رہا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ میں کمزوری میں بات کر رہا ہوں، مجھے خوف آ رہا ہے ملک تباہ ہو رہا ہے۔ واضح کر دوں کہ کبھی یہ مُلک چھوڑ کر نہیں جانا۔ کوئی بھی کہے کہ ڈیل کر لیں باہر چلے جائیں، حقیقی آزادی کی جدوجہد 27 سال سے کر رہا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ عدلیہ ہر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جس طرح کی دھمکیاں ججوں کو دی جا رہی ہیں اُس کی مکمل معلومات مجھے ملتی ہیں۔ جو جج لائن میں نہیں میڈیا اُس کا ٹرائل شروع کر دیتا ہے۔ اُس پر کرپشن کیسز سمیت ہر چیز ڈال دیتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سپریم کورٹ کے ایک سینیئر جسٹس کے لوگوں کو اُٹھا کر لے گئے، اُن کے نوکر کو اُٹھا کر لے گئے۔ اُن پر بھی پریشر ڈالا ہوا ہے کہ کسی طرح اُن کا بھی منہ بند ہو جائے۔ تاکہ وہ بھی لائن میں آ جائیں اور اس ملک میں مکمل طور پر آمریت قائم ہو جائے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ کل عدالت جا رہا ہوں، 19 مقدمات ہیں، کسی ایک میں جج نے دباؤ میں آ کر ضمانت خارج کر دی تو جیل چلا جاؤں گا۔ اُس کے لیے بھی تیار ہوں۔مجھے پہلے سے پتا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے