اہم خبریں متفرق خبریں

آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات، پاکستان میں ڈیزل مہنگا کر دیا گیا

جولائی 1, 2023

آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات، پاکستان میں ڈیزل مہنگا کر دیا گیا

پاکستان میں حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے سات روپے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔

جمعے کی رات کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایک مختصر نیوز کانفرنس میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر 15 دن کے بعد رد وبدل ہوتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹوں میں پچھلے چند دنوں میں اوگرا نے ڈیزل میں ساڑھے تین ڈالر کا اضافہ رپورٹ کیا ہے اور پیٹرول میں بھی اسی طرح رحجان ہے۔

تجزیہ کار اس اضافے کو عالمی منڈی سے زیادہ عالمی مالیاتی فنڈ کے قرض پروگرام کی سخت شرائط سے جوڑ رہے ہیں جس کے تحت زیادہ ٹیکس اکھٹا کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی 50 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 60 روپے کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اوگرا کی ٹیم نے پوری کوشش کی ہے کہ حکومت اور وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق جتنی کم از کم قیمت کو وہ ایڈجسٹ کر سکتے ہیں، وہ ہی کریں۔ تو اس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا اور ڈیزل کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہوا ہے تو انہوں (اوگرا) نے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں حکومت کو ساڑھے سات روپے اضافہ کرنا چاہیے۔ پیٹرول کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہو گا اور پرانی قیمت جاری رہے گی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں اگلے 15 دن کے لیے ساڑھے سات روپے فی لیٹر اضافہ ہو گا۔‘

پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 262 روپے فی لیٹر ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت نئے اضافے کے بعد 260.50 روپے ہو گئی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے