کیا ٹوئٹر کی چڑیا اُڑنے والی ہے؟ ایلون مسک کا لوگو تبدیل کرنے کا اعلان
Reading Time: < 1 minuteمختلف تنازعات اور خطرات سے دوچار سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر نے اپنا چڑیا والا لوگو تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی خریدنے کے بعد اس میں کئی تبدیلیاں متعارف کرانے والے ارب پتی ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ ٹوئٹر کے لوگو کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
اتوار کو کمپنی کے ارب پتی سربراہ ایلون مسک نے ٹویٹ کیا کہ ’ہم جلد ہی ٹوئٹر برانڈ کو الوداع کہہ دیں گے اور آہستہ آہستہ تمام برڈز کو بھی۔‘
انہوں نے صارفین سے نئے ٹوئٹر لوگو سے متعلق رائے طلب کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’اگر آج رات ایک اچھا ایکس لوگو پوسٹ کر دیا جاتا ہے تو ہم کل دنیا بھر میں لائیو ہو جائیں گے۔‘
ایلون مسک کے ٹویٹ کے جواب میں صارفین کی جانب سے لوگوز بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اکتوبر میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد سے سوشل میڈیا کمپنی نے اپنا کاروباری نام ایکس کورپ رکھا جو اس بات کی عکاسی کر رہا ہے کہ ارب پتی ایلون مسک چین کے وی چیٹ کی طرح ایک ’سوپر ایپ‘ بنانا چاہتے ہیں۔
ٹوئٹر نے کہا ہے کہ اس کا بلیو برڈ ’ہمارا سب سے زیادہ تسلیم شدہ اثاثہ ہے، اس لیے ہم اس کی حفاظت کریں گے۔‘
انہوں نے لوگو سے متعلق تفصیلات نہیں دیں لیکن ایک اور ٹویٹ میں بلیو برڈ کو ایکس میں تبدیل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔