عالمی خبریں

امریکہ کی مخالفت، غزہ میں جنگ بندی کے لیے روسی قرارداد مسترد

اکتوبر 17, 2023 2 min

امریکہ کی مخالفت، غزہ میں جنگ بندی کے لیے روسی قرارداد مسترد

Reading Time: 2 minutes

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ پر روس کی قرارداد کو مسترد کر دیا ہے جس میں ’شہریوں کے خلاف تشدد اور دہشت گردی‘ کی مذمت کی گئی تھی تاہم عسکریت پسند تنظیم حماس کا کوئی ذکر نہیں تھا۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پیر کی رات سلامتی کونسل کے اجلاس میں روسی قرارداد کے حق میں چار ارکان نے ووٹ دیا جبکہ امریکہ سمیت چار ممالک نے مخالفت کی اور چھ ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

اقوام متحدہ میں روس کے سفیر ویسیلی نیبنزیا نے سات اکتوبر کے حماس کے حملے کے بعد سے کونسل کی عدم فعالیت کا حوالہ دیتے ہوئے ارکان سے قراردار کی حمایت پر زور دیا تھا۔

اسرائیل کا غزہ پر حملہ ’وحشت ناک‘ ہوگا: برطانوی وزیر
یہ واضح نہیں کہ آیا کونسل برازیل کی قرارداد پر ووٹ دے گی جس میں حماس کے حملے کی مذمت بھی ہو گی۔

اقوام متحدہ کے سب سے طاقتور ادارے سلامتی کونسل جس میں عالمی امن و سلامتی کے امور زیر غور ہوتے ہیں، نے حماس کے حملے یا اسرائیل کے فضائی حملوں سے متعلق کوئی موقف نہیں دیا ہے۔

اسرائیل کے حملوں میں اب تک دو ہزار 750 فلسطینی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ اسرائیل نے متوقع زمینی حملے کے پیش نظر غزہ کے شمال میں شہریوں کو جنوب کی جانب منتقل ہونے کا حکم دیا ہے۔

روسی قرارداد کے مسودے میں ’فوری، پائیدار اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مکمل جنگ بندی‘ کا مطالبہ ہوا تھا اور ’شہریوں کے خلاف تشدد، جنگ اور دہشت گردی کی تمام کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی تھی۔‘ اس میں حماس کا ذکر نہیں تھا۔

برازیلی قرارداد کے مسودے میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جاری جنگ کو روکنے اور شہریوں کے خلاف تشدد اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی مذمت کی گئی ہے۔

اس مسودے میں ’حماس کے دہشتگردانہ حملوں کو بھی مسترد‘ کیا گیا۔ منگل تک برازیل کی قرارداد پر ووٹنگ متوقع ہے۔

اسرائیل اور حماس کی جنگ پر گزشتہ پانچ دنوں میں دو مرتبہ سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس ہوئے لیکن اجلاس کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوئے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے