افغان شہریوں کی بے دخلی کا کیس، لارجر بینچ میں سماعت اگلے ہفتے
پاکستان کی سپریم کورٹ نے افغان شہریوں کی جبری بے دخلی کے خلاف درخواست آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو نوٹس جاری کیے ہیں۔
منگل کو سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو عدالت کی معاونت کے لیے کہا ہے۔
عدالت نے اپیکس کمیٹی کو بھی نوٹس جاری کرلیا ہے۔
عدالت عظمیٰ کے تحریری حکمنامے کے مطابق درخواست گزار کی جانب سے بڑے پیمانے پر افغان مہاجرین کی بے دخلی کے نگران حکومت کے اختیارات کو چیلنج کیا گیا ہے۔
حکمنامے میں لکھا گیا کہ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ نگران حکومت کو آئینی اور قانونی اختیار نہیں کہ وہ افغان مہاجرین کو غیر انسانی طریقے سے بے دخل کرے۔
حکمنامے کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کے سیکشن چار کی نشاندہی کی اور کہا کہ اس کے تحت آئینی تشریح کے مقدمات کی سماعت کم از کم پانچ رکنی لارجر بینچ کرے گا۔
حکمنامے میں رجسٹرار سے کہا گیا ہے کہ کیس کو آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

