اہم خبریں متفرق خبریں

کراچی ایئرپورٹ، 23 آئی فون چھپا کر لانے والی مسافر گرفتار

دسمبر 31, 2023

کراچی ایئرپورٹ، 23 آئی فون چھپا کر لانے والی مسافر گرفتار

پاکستان کے کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حکام نے ایک کارروائی میں بیرون ملک سے آنے والی ایک خاتون مسافرسے 92 لاکھ روپے مالیت کے آئی فون تحویل میں لیے گئے ہیں۔

کسٹمز حکام کی جانب سےاتوار کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اہلکاروں نے شک کی بنیاد پر شارجہ سے ایئر عریبیہ کی پرواز سے پہنچنے والی خاتون کو گرین چینل پر روکاتھا۔

بیان کے مطابق کسٹم اہلکاروں نے جب خاتون مسافر کا سامان سکین کیا تو ان کے بیگز میں موبائل فونز کے خالی ڈبوں اور گرافکس کارڈز کی نشاندہی ہوئی۔

’خاتون سے موبائل فونز کے خالی ڈبوں کے بارے میں استفسار کیا گیا تو وہ تسلی بخش جواب نہ دے سکیں جس پر خاتون مسافر کو سرچنگ روم لے جا کر جسمانی تلاشی لی گئی تو ان کےجسم کے ساتھ بندھے ہوئے 23 عدد آئی فون 15 پرو میکس برآمد ہوئے۔‘

حکام کا کہنا ہے کہ ’ان کی مالیت 92 لاکھ روپے ہے اور ان پر 43 لاکھ روپے کے ڈیوٹی ٹیکسز عائد ہیں۔‘

برآمد شدہ موبائل فونز کسٹمز نے اپنی تحویل میں لے لیے ہیں اور کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے خاتون مسافر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق عدالت سے ریمانڈ حاصل کر کے خاتون سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے