عدت میں نکاح کا مقدمہ،عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد
Reading Time: < 1 minuteپاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر عدت میں نکاح کے کیس میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
منگل کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں کی گئی سماعت کے دوران سینیئر سول جج قدرت اللہ نے فرد جرم پڑھ کر سنائی۔
اس دوران عمران خان کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ عمران خان نے چارج شیٹ پر دستخط کیے لیکن انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔
فرد جرم سناتے ہوئے عدالت نے بشریٰ بی بی کی غیرموجودگی پر برہمی کا اظہار کیا جبکہ وکلا صفائی نے ان کی حاضری سے استثنا کی درخواست کی جو عدالت نے مسترد کر دی۔
جج نے استفسار کیا کہ ’عدالت نے بشری بی بی کو آج طلب کیا تھا، وہ کس کی اجازت سے کمرہ عدالت سے چلی گئیں؟‘
عدالت نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ’معلوم کریں بشریٰ بی بی جیل کی حدود میں کب داخل ہوئیں اور کب باہر گئیں؟‘
جیل انتظامیہ نے عدالت کو بتایا کہ ’بشریٰ بی بی ساڑھے 11 بجے جیل میں آئیں اور پونے دو بجے واپس روانہ ہو گئیں۔‘