جب عمران خان کے پوسٹر نے میچ کی براہ راست نشریات میں خلل ڈالا
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے گئے چوتھے ٹی20 میچ کے دوران ایک تماشائی اور اس کے پلے کارڈ کے باعث پی ٹی وی سپورٹس کی انتظامیہ تنقید کی زد میں ہے۔
پانچ ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کے اس چوتھے میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ سے مسلسل چوتھی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا مگر میچ کے بعد تنقید سرکاری ٹی وی کے سپورٹس چینل پر کی جا رہی ہے۔
میچ سے متعلق سوشل میڈیا سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ’کرکٹ اینڈ سٹف‘ نامی اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ میچ کی نشریات کے دوران جب شائقین میں سے ایک تماشائی کو سابق وزیراعظم عمران خان کا پوسٹر پکڑے دکھایا گیا تو پی ٹی وی نے کچھ سیکنڈز کے لیے میچ کی نشریات منقطع کر دیں۔

