دو دہائیوں کی سیاست، تین ہم عمر خواتین انتخابی مہم میں آگے
Reading Time: 2 minutesپاکستان میں تین ہم عمر خواتین سیاستدان اس بار بھی عام انتخابات کے لیے الیکشن مہم میں سرگرم ہیں۔
حنا ربانی کھر کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کوٹ ادو ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے بھی دیکھا گیا جہاں وہ اپنے بھائی کی الیکشن مہم میں شریک ہیں۔
صحافی ماجد نظامی کے مطابق حنا ربانی کھر، غلام بی بی بھروانہ اور ایمان طاہر صادق سنہ 2002 کے الیکشن سے سیاست میں آئیں۔
قومی اسمبلی میں الیکشن جیت کر آنے والوں یہ تینوں خواتین حنا ربانی کھر، ایمان طاہر صادق اور غلام بی بی بھروانہ 22 سال گزرنے کے بعد بھی سیاسی میدان میں موجود ہیں۔
تینوں خواتین سیاستدان 25 سال کی عمر میں قومی اسمبلی کا حصہ بنیں۔
تینوں نے اپنے اپنے حلقوں میں عملی سیاست میں حصہ لیا۔
جھنگ سے غلام بی بی چار مرتبہ ایم این اے کا الیکشن جیتنے میں کامیاب رہیں۔
حنا ربانی کھر دو مرتبہ الیکشن لڑ کر قومی اسمبلی میں پہنچیں۔ جبکہ ایمان طاہر صادق ایک مرتبہ ایم این اے اور ایک مرتبہ چیئرمین ضلع کونسل منتخب ہوئیں۔
تینوں خواتین کا تعلق پنجاب کے مشہور سیاسی خاندانوں سے ہے۔
حنا ربانی کھر کے والد ملک ربانی کھر، بھائی رضا ربانی کھر ایم این اے رہے۔
غلام بی بی بھروانہ کے نانا ملک غلام حیدر بھروانہ ایم این اے، والدہ سلیم بی بی بھروانہ ایم پی اے رہیں۔
ایمان وسیم کے والد میجر طاہر صادق ایم این اے، دادی بیگم مسرت سلطان اور دادا سردار صادق کھٹڑ ایم پی اے رہ چکے ہیں۔
اس الیکشن میں غلام بی بی بھروانہ اور ان کی والدہ سلیم بی بی بھروانہ چنیوٹ سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
کوٹ ادو سے حنا ربانی کھر کے بھائی رضا ربانی کھر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں اور حنا ربانی کھر مخصوص نشست پر امیدوار ہیں۔
جبکہ اٹک سے ایمان وسیم قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہی ہیں۔