ایکسکلوزیو: الیکشن سے قبل پاکستانی نیوز چینلز پر نئی پابندیاں کیا؟
Reading Time: < 1 minuteپاکستانی نیوز چینلز کو الیکشن مہم کی نشریات کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
منگل کی صبح پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا پر الیکشن مہم کے دوران سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے بارے میں نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
پاکستان 24 کو تین مختلف ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ منگل کی شام تک تمام نجی نیوز چینلز کو ڈیڈلائن دی گئی ہے کہ وہ اپنی نشریات کے دوران تحریک انصاف سے منسلک کسی بھی امیدوار کا نام لیں اور نہ پی ٹی آئی کا ذکر کریں بلکہ اُن کو آزاد امیدوار لکھا اور پکارا جائے۔
ایک ذریعے نے کہا کہ تکنیکی طور پر یہ درست ہے مگر ایک طرح سے سنسرشپ بھی ہے کہ اگر کوئی آزاد امیدوار خود کو تحریک انصاف کا حصہ قرار دیتا ہے تو اس کی بات ہونی چاہیے۔
ایک نجی چینل میں موجود انتظامی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایسی ہدایات تین دن قبل جاری کی گئیں مگر پوری طرح عمل نہ کیے جانے پر منگل کی صبح باضابطہ طور پر فون کر کے عمل کے لیے کہا گیا۔
اُنہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ہدایات کس محکمے سے اور کس افسر نے جاری کیں۔
جب اس حوالے سے پیمرا سے رابطہ کیا گیا تو بتایا گیا کہ ایسی کوئی ہدایت ریگولیٹری اتھارٹی سے اگر جاری کی جاتیں تو وہ باقاعدہ تحریری شکل میں ہوتیں۔
سپریم کورٹ کے بلے کے نشان والے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی سے منسلک تمام امیدوار آزاد قرار دیے گئے تھے.
تحریک انصاف شکایت کرتی آئی ہے کہ اُس کو عام انتخابات میں دیگر سیاسی جماعتوں کا مقابلہ کرنے کی لیول پلیئنگ فیلڈ میسر نہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا نام نیوز چینلز پر نشر کرنے پر پہلے ہی غیراعلانیہ پابندی عائد ہے۔