ملازمتیں اور انصاف کا پنجایتی نظام، ن لیگ کا منشور پیش
Reading Time: 2 minutesپاکستان کی بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ نواز نے اپنا منشور پیش کر دیا ہے جس میں تنازعات کے تصفیے کے لیے متبادل نظام ’پنجایت سسٹم‘، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ ملک کی تعمیر کے ساتھ کسانوں کو قرضے اور متعارف کرانے کا بھی کہا گیا ہے۔
سنیچر کو لاہور میں ایک تقریب کے دوران پیش کیے گئے منشور کے مطابق منشور پر مؤثر عمل درآمد کے لیے ’خصوصی نگرانی اور عملدرآمد کونسل‘ بھی قائم کی جائے گی جو حکومتی کارکردگی کی سہ ماہی رپورٹ تیار کرے گی۔
عام انتخابات سے 11 دن قبل اور کافی تاخیر سے پیش کیے گئے منشور کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی جاری کیا گیا ہے۔
تقریب میں سٹیج پر ن لیگ کے قائد نواز شریف اور پارٹی کے صدر شہباز شریف سمیت متعدد رہنما موجود تھے۔
منشور میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے کسانوں کے لیے سود سے پاک قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ اور ’پانچ سال میں ایک کروڑ سے زائد ملازمتیں دی جائیں گی۔‘
ن لیگ نے کہا ہے کہ چار سال میں مہنگائی کو کم کر کے چار سے چھ فیصد پر لایا جائے گا۔
سموگ کے تدارک کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ پاکستان کی تعمیر کی جائے گی۔ پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔
تعلیمی اخراجات کے لیے جی ڈی پی میں چار فیصد اضافے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔
آئینی اصلاحات کے باب میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا۔ آرٹیکل 62 اور 63 کو اپنی اصلی حالت میں بحال کیا جائے گا۔
پنجایت سسٹم تنازعات کے تصفیے کا متبادل نظام لایا جائے گا۔
ن لیگ نے منشور میں کہا ہے کہ مقامی حکومتوں کو مقامی سطح پر آمدنی بڑھانے کے لیے بااختیار بنایا جائے گا۔
مقامی حکومتوں میں ہر سطح پر نوجوانوں کی نمائندگی یقینی بنائی جائے گی