پاکستان

’اداروں کو نشانہ بنانا بند کریں‘، سینیٹر فیصل واوڈا کی جسٹس بابر ستار کے خلاف پریس کانفرنس

مئی 15, 2024 < 1 min

’اداروں کو نشانہ بنانا بند کریں‘، سینیٹر فیصل واوڈا کی جسٹس بابر ستار کے خلاف پریس کانفرنس

Reading Time: < 1 minute

سندھ سے منتخب سینیٹر فیصل واوڈا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انٹیلیجنس ایجنسیوں پر عدلیہ میں مداخلت کے الزامات کے ثبوت اور شواہد پیش کریں۔

بدھ کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ جج کے منصب پر بیٹھے شخص کو جوابداہ ہونا چاہیے اور اگر کوئی سیاست دان دوہری شہریت نہیں رکھ سکتا تو اعلٰی عدلیہ کے ججوں کے پاس دوہری شہریت کیوں ہے۔

مقتدر حلقوں کے قریب سمجھے جانے والے فیصل واوڈا نے کہا کہ اداروں پر الزامات لگانے والوں کو اب ثبوت دینا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جواب لیا جائے گا۔ ’اب کوئی پگڑی اچھالے گا تو ہم اس کی پگڑی کو فٹ بال بنا دیں گے۔‘

فیصل واوڈا نے کہا کہ ’اگر اداروں نے کہیں مداخلت کی ہے تو اس کے ثبوت دیں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ اعلٰی عدلیہ کے ججوں کے کنڈکٹ کو دیکھنے والے فورم سپریم جوڈیشل کونسل کو اس معاملے میں مداخلت کرنا ہوگی۔ ’اداروں کو نشانہ بنانا بند کریں۔‘

سینیٹر فیصل واوڈا نے جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلوں کی تعریف کی تاہم چند سوال بھی اُٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ پسند ناپسند کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہونے چاہییں۔

فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کو صحافیوں کے سوال و جواب سمیت تمام نیوز چینلز نے براہ راست نشر کیا۔

عمران خان کی حکومت میں وزیر رہنے والے فیصل واوڈا کو صوبہ سندھ سے سینیٹر منتخب کرایا گیا جہاں صوبائی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے تاہم تاحال واضح نہیں کہ وہ کس جماعت کی نمائندگی کرتے ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے