شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے طلب سیکریٹری دفاع عدالت میں پیش ہوں گے؟
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ کشمیری شاعر اور صحافی احمد فرہاد کی بازیابی کی درخواست پر سیکریٹری دفاع اور سیکریٹری داخلہ کو منگل کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔
وزارت دفاع کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ ’ہم نے پتہ کیا ہے لیکن کہا گیا ہے بندہ آئی ایس آئی کے پاس نہیں ہے۔‘
جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ’میں سیکریٹری دفاع اور سیکرٹری داخلہ کو کل (منگل کو) طلب کر لیتا ہوں، یہ معاملہ اب ان کے دائرہ اختیار سے آگے نکل چکا ہے۔ یہ ان کی ناکامی ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں کوئی کام نہیں کر سکتے۔ دوسری صورت میں ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی پیش ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ادارے اگر اس قابل ہی نہیں کہ اپنا کام کر سکیں تو ان کی ضرورت نہیں۔ پھر اس کے بعد میں وزیر دفاع اور وزیر داخلہ کو طلب کروں گا۔ پھر میں وزیراعظم کو طلب کروں گا، یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں ہے۔ پھر وزیراعظم اور پوری کابینہ کو طلب کروں گا۔ پوری کابینہ کو یہاں بٹھا کر ان سے فیصلہ کراؤں گا۔ یہ کیا طریقہ ہے کہ جب دل چاہا دروازہ کھٹکھٹا کر بندہ اٹھا لیا۔‘
خیال رہے کہ 16 مئی کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے صحافی اور شاعر فرہاد علی شاہ کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا تھا جس کا مقدمہ ان کی اہلیہ سیدہ عروج کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ لوہی بھیر میں درج کیا گیا تھا۔