شیخ مجیب کی ویڈیو کیوں پوسٹ کی، عمران خان کے ایکس ہینڈل کی انکوائری
سابق وزیراعظم عمران خان کے آفیشل ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کی مبینہ پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر ایف آئی اے سائبر وِنگ نے انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔
سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کی جانب سے ایف آئی اے سائبر کرائم کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 26 مئی کو عمران خان کے ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کے نام پر ویڈیو پوسٹ کی گئی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اڈیالہ جیل میں ہیں، ان کا آفیشل ہینڈل پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کے لیے استعمال کیا گیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ویڈیو نہ صرف گمراہ کن اور دھمکی آمیز ہے بلکہ پاکستان آرمی کے آفیسرز اور جوانوں کو بغاوت پر اُکسانے، ڈیوٹی سے برگشتہ کرنے اور آفیسر اور جوانوں کو ریاستی اداروں، آرمی کے سینیئر افسران اور جوانوں کے خلاف اقدام پر اُکسانے کے مترادف ہے۔
’یہ آرمڈ فورس کے رینکس میں بغاوت پھیلانے والا عمل ہے اور اس پر پیکا ایکٹ 2016 کا اطلاق ہوتا ہے۔‘
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ویڈیو کو 42 لاکھ افراد نے دیکھا، 56 ہزار لوگوں نے اسے لائیک کیا جب کہ 38 ہزار صارفین نے اسے ری پوسٹ کیا۔
’یہ معاملہ مزید تحقیق اور تفتیش کا متقاضی ہے اس لیے مذکورہ ٹوئٹر ہینڈل imrankhanPTI@ کے خلاف ضروری قانونی کارروائی شروع کی جائے۔‘

