محمد رضوان ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کے کپتان، سلمان علی آغا نائب کپتان مقرر
Reading Time: 2 minutesپاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد رضوان کو ون ڈے اور ٹی20 کا کپتان مقرر کر دیا ہے جبکہ سلمان علی آغا نائب کپتان ہوں گے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اتوار کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سب لوگوں کی مشترکہ رائے تھی کہ رضوان کپتان بننے چاہیے اور سلمان علی آغا وائس کپتان ہونے چاہییں۔‘
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’سینٹرل کنٹریکٹ پر سلیکشن کمیٹی نے بہت محنت کی، آخری دو ٹیسٹ میں سلیکشن کمیٹی نے نان سٹاپ کام کیا، جیت میں سلیکشن کمیٹی کا بڑا ہاتھ ہے، میں ان کی تعریف کروں گا۔‘
بابر اعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’ہم چاہتے ہیں بابراعظم فارم میں واپس آئے، بابر اعظم پاکستان کا ایک اثاثہ ہے، بابر نےمجھ سے رابطہ کیا اور کہا کہ میں بطور کپتان کھیلنا نہیں چاہتا، بابراعظم کا فیصلہ تھا وہ گیم پر فوکس کرنا چاہتا تھا۔‘
فخر زمان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’فخر زمان کے ٹویٹ کا ایشو ہے لیکن زیادہ مسئلہ فٹنس کا ہے، فخر زمان کا شو کاز کا مسئلہ بھی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہارنے کا کریڈٹ میں لوں گا، مل کر جیتیں گے توان کا کریڈٹ ہے، میں یہ کہوں گا کہ بس ہاریں تو لڑ کر ہاریں۔‘
اس موقع پر سلیکشن کمیٹی کے کنوینر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ’وائٹ بال ٹیم کے لیے ینگ ٹیم کوموقع دینا پڑتا ہے، ٹیم کی تشکیل کے لیے ینگ ٹیلنٹ کولانا پڑتا ہے، جو منتخب نہیں ہوئے اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ آئندہ کبھی نہیں آسکتے۔‘
عاقب جاوید مزید کہتے ہیں کہ ’ہم سنتے تھے کہ پچز نہیں بنتیں، اگر معلومات ہوں، محنت کی جائے تو ہدف پورا ہوسکتا ہے، کس کے خلاف کیسے جانا ہے ہوم ایڈوانٹیج کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔‘