سکردو سے راولپنڈی آنے والی کوسٹر کو حادثہ، 23 ہلاک
Reading Time: < 1 minuteسکردو کے ضلع استور سے راولپنڈی جانے والی مسافر کوسٹر دریا میں گرنے سے 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
مقامی شہریوں کے مطابق کوسٹر کو تھلچی آر سی سی پُل پر حادثہ پیش آیا۔
تیز رفتار کوسٹر میں 25 مسافر سوار تھے۔
حادثے میں ایک خاتون کو زخمی حالت میں جائے حادثہ سے ریسکیو کر کے گلگت منتقل کیا گیا ہے جبکہ 5 کے قریب لاشوں کو بھی نکال لیا گیا ہے، دیگر مسافر اب تک لاپتہ ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق, ایس پی استور وزیر نیک عالم, اسسٹنٹ کمشنر استور احسان الحق, ریسکیو 1122 کے اہلکار پُل کی طرف روانہ ہوئے جبکہ دریا میں لاپتہ مسافروں کی تلاش جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق ریسکیو آپریشن کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال استور میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔
ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو فوری ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی گئی جبکہ ایمبولینسز اور مارچری وین جائے حادثہ پر موجود ہیں جو لاشوں کو منتقل کریں گی۔