سپریم کورٹ کا آئینی بینچ اگلے ہفتے کون سے اہم مقدمات کی سماعت کرے گا؟
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی سپریم کورٹ کا آئینی بینچ پیر سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران متعدد اہم مقدمات کی سماعت کرے گا.
ان مقدمات میں فروری 2024 کے انتخابات کی تحقیقات، فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل، عمران خان کی اڈیالہ جیل سے خیبر پختونخوا کی جیل میں منتقلی اور صحافی ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے لیا گیا ازخود نوٹس شامل ہیں۔
جمعے کو رات گئے سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی کاز لسٹ جاری کی گئی جس کے مطابق 9 دسمبر سے اہم مقدمات کی سماعت شروع ہوگی.
آئینی بینچ میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں۔
سنہ2024 کے عام انتخابات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کے قیام کی درخواست عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل عدالتی کمیشن کی تشکیل کی استدعا کی گئی ہے۔
اس مقدمے میں پاکستان کی وفاقی حکومت، وزارت قانون و انصاف اور پارلیمانی امور کو فریق بنایا گیا ہے۔