پختونخوا میں پی ٹی آئی کی فارم 47 کی جعلی حکومت ہے: فضل الرحمان
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں اپوزیشن کی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی فارم 47 کی جعلی حکومت ہے۔
پیر کو پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اسلام اباد میں تم پر گولی چلی تو سوال اٹھتا ہے، آپ کی حکومت نے چلائی تو کچھ نہیں، بلدیاتی نمائندوں پر تشدد کیا تو وہ تشدد نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’26 ویں آئینی ترمیم کے راستے میں صرف جمیعت تنہا کھڑی تھی، تحریک انصاف اپوزیشن میں تھی مگر مذاکرات میں شریک نہیں تھے، پی ٹی آئی والے جو بھی نشاندہی کرتے ہم اس کو بھی مسئلہ بناتے تھے۔‘
مولانا فضل الرحمان نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’سب سے پہلے حملہ آرٹیکل 8 پر کیا گیا، آپ عدالتی اصلاحات لائیں کتنے شرم کی بات ہے اپنا جج لائیں، پوری عدلیہ کو یرغمال بنایا گیا تھا کہ سول عدالتیں کیس ملٹری کورٹس لانے کی پابند ہوں گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کب تک یہ طاقت کے زور پر نتیجے تبدیل کرنےکا کام کریں گے، کب تک یہ طریقے چلیں گے.
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک دن آئے گا کہ آپ کا انجام حسینہ واجد والا ہوگا،نہ اپنا انجام حسینہ واجد اور نہ پشار الاسد والا کرو.